• news

سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیاں نہ روکیں تو سخت کارروائی ہو گی: مرتضیٰ سولنگی

 اسلام آباد(خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت کارروائی ہو گی۔ دوسری طرف چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر انتشار پھیلانے والوں کو روکا جائے۔ یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے، ملک میں لاقانونیت اور انارکی پھیلنے نہیں دی جائے گی، کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لا محدود نہیں بلکہ قانون کے تابع ہے، اس کے تحت عدلیہ، مسلح افواج اور برادر ممالک کے خلاف تضحیک آمیز گفتگو کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تشدد پر اکسانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں جو خلاف قانون سرگرمی ہے، حکومت ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس ذمہ داری سے سبکدوش نہیں ہو جاتے کہ ان کے پلیٹ فارمز کسی ملک کے اندر امن و امان کو خراب کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے اور نفرت انگیزی کے لئے استعمال ہوں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (سابق ٹوئٹر)، یو ٹیوب، فیس بک کو پروپیگنڈا، جھوٹ، سرکاری افسران کی کردار کشی اور ہراساں کرنے کے لئے مسلسل استعمال کیا جاتا رہا ہے، متعلقہ کمپنیوں کو اس عمل کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں بے بنیاد، جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا پھیلائیں، ان پلیٹ فارمز کی طرف سے اس عمل کو نہ روکا گیا تو ریاست کو سخت اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدلیہ کے کسی بھی فیصلے کے خلاف قانونی نظرثانی کے ذرائع موجود ہیں، کسی کو شکایت ہے تو اس کے لئے نظرثانی کی درخواست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے اور ملکی امن کو تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں رہنے والے تمام غیر ملکیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ محفوظ ہیں اور ان کی سلامتی کو حکومت پاکستان یقینی بنائے گی۔ چیئرمین پاکستان علماء  کونسل حافظ طاہر اشرقی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے کچھ لوگوں نے عقیدہ ختم نبوت پر بھی سیاست کی ابہام دور کرکے انتشار پھیلانے والوں کو روکا جائے۔ پریس کانفرنس میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کا معاملہ ہے۔ جس نے کلمہ پڑھا ہے وہ عقیدہ ختم نبوت کا محافظ ہے۔ شر پھیالنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ قانونی معاملہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن