عمران خان ’’میں نہیں تو کچھ نہیں‘‘ کی پالیسی پر گامزن: اختر ڈار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) عمران خان کی طرف سے آئی ایم ایف کو خط پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریک انصاف (نظریاتی) کے چیئر مین اختر ڈار نے کہاکہ ماضی میں بھی عمران خا ن ایسے ملک دشمن اقدامات کرتے رہے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی عمران خان کے کہنے پر پنجاب اور کے پی کے کے وزرائے خزانہ کو آئی ایم ایف کے معاہدوں سے انکاری کا درس دیا تھا تاکہ ملک ڈیفالٹ کر کے سر ی لنکا جیسی صورت اختیار کر جائے۔ آج بھی یہ لوگ صرف اور صرف پاکستان کا نقصان کرنے پاکستان کو کسی سانحہ سے دوچار کرنے کے در پر ہیں۔ اختر ڈار نے کہاکہ عمران خان اگر میں نہیں تو کچھ نہیں کی پالیسی پر گامزن ہے اور ماضی میں عدم اعتماد کے باعث اقتدار کھو جانے کے بعد عمران نے کہا تھا کہ اگر مجھے نکال کر انہی کو لانا تھا تو اس سے بہتر تھا کہ ملک پر ایٹم بم گرا دیا جاتا، میں نہیں تو ملک تین حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ اس سوچ و فکر کے شخص کو معافی نہیں ملنی چاہئے اور 9مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئے۔