اسلام آباد ہائیکورٹ: ڈویژن بنچ نے بھی ڈپٹی کمشنر عرفان کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمور جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے شہریار آفریدی کی ایم پی او گرفتاری میں اختیارات سے تجاوز کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی سنگل بنچ کے آرڈر کے خلاف اپیل میں ڈپٹی کمشنر کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ مل سکی، سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ گذشتہ روز رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ اپیل پرسماعت کے دوران معاون وکیل عدالت پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ سینئر وکیل سپریم کورٹ میں ہیں کچھ دیر میں آجاتے ہیں، 20 فروری کا آرڈر ہم نے چیلنج کیا ہے؟، ہم نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب آپ عدالت کے سامنے پیش ہو گئے تو ناقابل ضمانت وارنٹس تو غیر موثر ہو چکے۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ ان کی انٹرا کورٹ اپیل اس سے پہلے بھی خارج ہو چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ آرڈر میں تین چیزیں ہیں ایک میرے وارنٹس جاری ہوئے دوسرا عدم پیشی پر شوکاز ہوا، مجھے عمرہ پر بھی جانے سے روک دیا گیا، میری درخواست ہے میں نے ٹکٹ لگائے ہیں مجھے عمرہ پر جانے کی اجازت دی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے ہم اپیل کے قابل سماعت ہونے کو سنیں گے، بنچ کے اٹھنے سے پہلے آپ کے وکیل آگئے تو انہیں بھی سن لیتے ہیں، ڈپٹی کمشنر کے وکیل سعد ہاشمی عدالت پیش ہوگئے، چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت ڈپٹی کمشنر کی اسی نوعیت کی ایک اپیل پہلے خارج کرچکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے وکیل نے استدعا کی کہ اگر عدالت عارضی طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ متعلقہ عدالت کے سامنے بھی درخواست دے سکتے ہیں، آپ کو بطور وکیل اپنے کلائنٹ کو مشورہ دینا ہے، پیر کے لئے اپیل مقرر کر رہے ہیں عدالت کو مطمئن کریں۔