اعظم سواتی کیسز کی تفصیلات کیلئے پنجاب حکومت سمیت فریقین آج ہائیکورٹ طلب
لاہور(خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے کیسز کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر حکومت پنجاب سمیت فریقین کو 23 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ موقف میں کہا گیا کہ درخواست گزار اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ملک کے نامور سیاستدان ہیں، پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ درخواست گزار پر تشدد اور گھریلو خواتین کی توہین کی گئی، پی ٹی آئی قیادت اور درخواست گزار کیخلاف ملک بھر میں کیسز درج کئے گئے، پنجاب میں درخواست گزار کیخلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی، عدالت سے استدعا ہے کہ درج کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے اور گھر کی خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دے۔