افغانستان میں سزائے موت پر عملدرآمد، قتل کے 2 مجرموں کو سرعام گولیاں مار دی گئیں
کابل (نوائے وقت رپورٹ) طالبان عدالت کی قتل کے دو مجرموں کو دی گئی سزائے موت پر ہزاروں شہریوں کی موجودگی میں لواحقین سے قاتلوں کو سرعام گولیاں مروا کر عمل درآمد کر دیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قتل کے مجرموں سید جمال اور گل خان کی سزائے موت پر عمل درآمد افغانستان کے صوبے غزنی کے ایک معروف سٹیڈیم میں کیا گیا۔ ایک مجرم کو 8 اور دوسرے مجرم کو 7 گولیاں لگیں اور دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس سے قبل مجرموں کے اہل خانہ نے مقتولین کے ورثا سے معاف کرنے کی اپیل بھی کی تھی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ ان دونوں مجرموں نے چاقو کا حملہ کر کے الگ الگ واقعے میں دو شہریوں کو قتل کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلاء اور طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے یہ سرعام پھانسی کا تیسرا اور چوتھا واقعہ ہے۔