بالاج ٹیپو قتل کیس، گوگی بٹ کی گرفتاری کیلئے ائرپورٹس پر الرٹ
لاہور (نامہ نگار) ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر بالاج کے قاتل مظفر حسین کی چوتھی بیوی حلیمہ نے پولیس کو ابتدائی بیان دیا۔ پولیس کے مطابق حلیمہ بی بی نے اپنے بیان میں بڑے انکشافات کیے۔ ملزم مظفر حسین 25 سال سے طیفی بٹ کا ملازم تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بالاج ٹیپو قتل کیس میں نامزد ملزم طیفی بٹ کی سفری دستاویزات حاصل کرلیں۔ جس کے مطابق طیفی بٹ 19 فروری کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد دوسرا ملزم گوگی بٹ پاکستان میں ہی رو پوش ہے، گوگی بٹ کے چار گن مینوں کو پولیس نے حراست میں لے رکھا ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وقوعہ کی جیو فینسنگ کرکے 500 کالز کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔ گوگی بٹ کا نام پروویشنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں ڈال دیا گیا۔ جبکہ ایف آئی اے اور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایئر پورٹس پر الرٹ جاری کر دیئے۔ ملزم طیفی بٹ کی گرفتاری کیلئے پولیس وزارت داخلہ سے رابطہ کر کے ریڈ وارنٹ حاصل کرے گی اور کیس سے متعلق تحقیقاتی پولیس ٹیم ریڈ وارنٹ کے بعد انٹر پول سے رابطہ کرے گی۔