• news

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران، بشریٰ پر 27 فروری کو فرد جرم لگے گی  

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بانی پی ٹی آئی کی سائفر اور توشہ خانہ کیسز میں سزا کے خلاف اپیلیں دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئیں۔ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل بھی دوبارہ دائر کر دی گئی ہے۔ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔  دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے 27 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔ بانی پی ٹی آئی کی ڈینٹسٹ سے معائنہ اور اہلیہ سے الگ ملاقات کی درخواستیں بھی دائر کی گئیں۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، عرفان بھولا، سہیل عارف اور دیگر کے علاوہ پی ٹی آئی وکلاء سلمان صفدر ، عثمان گل، چودھری ظہیر عباس اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو عدالت پیش کیاگیا۔ اڑھائی ہفتے بعد ملنے پر بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کو گلے لگا لیا۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اہلیہ بشریٰ بی بی سے الگ ملاقات اور ڈینٹسٹ سے معائنہ کیلئے درخواستیں دی گئیں۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آئے اور کہا میں نے ڈینٹسٹ کو چیک کروانا ہے، جس پر جج نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹرز موجود ہیں، آپ چیک اپ کروا لیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا 7 مہینے ہوگئے ایک مرتبہ بھی ڈاکٹر کے پاس نہیں گیا، جیل کا ڈاکٹر میرے دانت ہی نہ نکال دے، 70 سال کی عمر میں دانت کا چیک اپ کروانا ہے۔ جج نے کہا درخواست دے دیں اس پر مناسب حکم سناتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد کی سیشن کورٹ سے رجوع کر لیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ابتدائی بحث کے لئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 فروری تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے بانی پی ٹی آئی کی بہن کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق 26 فروری  کو دلائل طلب کر لئے۔

ای پیپر-دی نیشن