• news

سکھ یاتریوں سمیت تمام مذاہب کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں: صدر

شکرگڑھ (دلشاد شریف سے ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرتار پور کوریڈور کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورو نانک نے کرتار پور میں 18 سال گزارے، کھیتی باڑی کی۔ گورونانک کا امن کا پیغام ہی پاکستان کا پیغام ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ان کی آخری آرامگاہ پاکستان میں ہے۔ پاکستان نہ صرف سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ آئیں اور پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور مہمان نوازی کا نظارہ کریں۔ سکھ یاتریوں سمیت تمام مذاہب کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ یاتریوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے تاکہ وہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور ہماری مہمان نوازی دیکھیں۔ کرتار پور راہداری امن کی علامت ہے۔ کرتار پور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔ پاکستان کا پیغام امن کا پیغام۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا۔ سکھ مذہب نے امن اور اتحاد، لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا۔ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ صدر مملکت کو سکھ مذہب اور کرتار پور  کی تاریخ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے  یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ اس سے قبل صدر مملکت فیملی اور وفد کے ہمراہ کرتار پور پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اپنے دورے کے دوران میوزیم اور لنگر خانے کا دورہ بھی کیا۔ لنگر ہال میں لنگر کھایا۔ بارڈر ٹرمینل کا دورہ کیا۔ دربار صاحب میں جاری عبادات کو دیکھا۔ یاتریوں اور سکھ رہنماؤں سے گفتگو کی۔ مسائل اور ضروریات کے متعلق تاثرات لئے۔ یاتریوں کی جانب سے بہترین سہولیات پر صدر مملکت نے مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ سکھ رہنماؤں نے صدر مملکت کو سروپا، یادگاری شیلڈ کے تحائف پیش کئے۔

ای پیپر-دی نیشن