پی ایس ایل : زلمی نے سلطانز کو ہرا کر پہلی کامیابی سمیٹ لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اور 8 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ حسیب اللہ 37 اور بابراعظم نے 31 رنزکی اننگز کھیلی۔ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر 1،آصف علی نے 13 رنز بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ ڈیوڈ ولی،محمد علی اور اسامہ میر نے 2،2جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔180رنزکے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 20 اوورز میں 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ڈیوڈ ملان 52 اور یاسر خان 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ریزا ہینڈرکس 28، افتخار احمد 16، اسامہ میر 12، عباس آفریدی 11 اور خوشدل شاہ 5 رنز بناسکے جبکہ کپتان محمدرضوان،ڈیوڈ ولی،شاہ نواز دھانی صفر پرآؤٹ ہوئے۔ عارف یعقوب نے 3جبکہ لیوک ووڈ،نوین الحق اور سلمان ارشاد نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔لیوک ووڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ملتان سلطانز چوتھا جبکہ پشاور زلمی تیسرا میچ کھیل رہی تھی۔ زلمی کو پہلے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ملتان سلطانز کو 3 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔