گورنر سندھ کی ملاقات، حکومت میں مشکل مرحلے آئے، ایکسیئن لگوانے کیلئے 10،10 کروڑ کی آفر ہوئی: محسن نقوی
لاہور(نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت نگران کابینہ کا 42واں اجلاس منعقد ہوا۔وزراء اورصوبائی مشیر،چیف سیکرٹری،آئی جی اورسیکرٹریزنے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ ارکان،چیف سیکرٹری،آئی جی اورسیکرٹریز کی خدمات کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کی بیوروکریسی کی تنخواہیں کم ہیں اورسہولتیں بھی میسر جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں ذیادہ سہولتیں میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے زیادہ ٹیم نے محنت کی میں نے اگر 12گھنٹے کام کیا انہوں نے 16،16گھنٹے کام کیا۔پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے اپنی استعداد سے بڑھ کر محنت کی۔ہم گڈ گورننس کا کامیاب تجربہ کر کے جارہے ہیں اور میری ٹیم کامیابی میں پوری پوری حصہ دار ہے۔ بیوروکریسی کے متعلق کام نہ کرنے اوررکاوٹیں ڈالنے کا تاثر بالکل غلط ہے۔افسروں نے مہینوں اورہفتوں کا کام دنوں میں اورگھنٹوں کا کام سیکنڈوں میں کر کے دکھایا۔بیورو کریسی کبھی کام نہیں روکتی،آپ ان کے ساتھ چلیں گے تو یہ آپ کا بھر پور ساتھ دیتے ہیں۔بیوروکریسی ساتھ چلنے اورحکومت کو چلانے و الی ہے۔اگر آپ نے کامیاب نہیں ہونا تو یہ آپ کے ہاتھ میں ہے،ماضی میں ایسی مثالیں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ 8وزیروں کے ساتھ دن رات کام کرایالیکن کوئی کسی پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔کابینہ اورٹیم کے ارکان نے اپنے کسی عزیز رشتے دار کا ناجائز حتی کہ جائزکام بھی نہیں کروایا۔حکومت کے دوران مشکل مراحل بھی آتے ہیں۔ ایکسیئن لگوانے کیلئے 10،10کروڑ روپے کی آفر کی گئی۔الیکٹرک بسوں کے معاملے میں دبئی میں پانچ سے 10ملین ٹرانسفر کروانے کی پیشکش ہوئی۔ رجسٹرار کو آپریٹولگوانے پر ہرتین ماہ پانچ کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی۔ پوری ٹیم نے مشکلات اورترغیبات کے باوجود دیانتداری سے کام کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 13ماہ کام کرنے کے باوجود صوبائی کابینہ نے تنخواہ کی مد میں ایک روپیہ وصول نہیں کیا،نہ مراعات لیں۔ہم نے اپنے دور میں کوئی کمشنر اورآر پی او تبدیل نہیں کیا۔ڈی پی او اور آر پی او بھی تبدیل نہیں کیے گئے۔قبل ازیں محسن نقوی سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کی اور چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ گورنر سندھ نے پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وزیراعلی کی کارکردگی کو سراہا۔ محسن نقوی نے گورنر سندھ سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں پوری ٹیم نے دن رات کام کیا اور 13ماہ میں عوام کی خدمت کرنے کی پوری کوشش کی۔ انشاء اللہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا، ملک کا مستقبل تابناک ہے۔ وزیراعلی نے گورنر سندھ کو پی ایس ایل میچ دیکھنے کی دعوت دی۔ فاروق ستار اور مصطفی کمال بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان میں ٹرانس جینڈر بچوں کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ سکول لاہور میں کھل گیا جہاں ٹرانس جینڈر بچوں کو او اور اے لیول کی تعلیم دی جائے گی۔ محسن نقوی نے جلو پارک کے قریب ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے پہلے سکول ’’تحفظ درسگاہ‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ سکول یو کے کریکلم اینڈ ایکریڈیشن بورڈ نے صرف 18 روز میں بنایا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ٹرانس جینڈر بچوں کو اس تحفظ درسگاہ میں داخل کرایا جا سکتا ہے۔ تحفظ درسگاہ کی بلڈنگ بے شک چھوٹی ہے لیکن اس کا کام بہت بڑا ہے۔ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل بہت بڑا ایشو ہے جس پر لوگ بات چیت کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔ لوگ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو گھروں میں زیر بحث نہیں لاتے۔