ووٹ کے تقدس کے بغیر معیشت، امن کی بحالی ممکن نہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس کی بحالی کے بغیر ملک میں معیشت اور امن کی بحالی ممکن نہیں، 8فروری کو رات کی تاریکی میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، جماعت اسلامی کے ساتھ کراچی میں ظلم ہوا، عوام اپنے جمہوری حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف کرنے کے لیے تیار نہیں، قوم نے جن کرپٹ خاندانوں سے نجات کے لیے ووٹ دیے، انہیں ہی دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے، وثوق سے کہتا ہوں جعلی مینڈیٹ بننے والی کمپنی سرکار زیادہ دیر نہیں چلے گی، ادارے حلف کی پاسداری اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو گئے۔