قصور: مقدمات کیخلاف پی پی کا احتجاجی دھرنا، وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں: چودھری منظور
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) ممبر پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو اور این اے 131سے امیدوار چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ پرچے دینے کی ہوس ختم نہیں ہو رہی تو اب چپ نہیں رہیں گے۔ پر امن طور پر یہاں آئے ہیں، آر پی او شیخو پورہ نے دو دن مانگے ہیں۔ میں ساری رینج کے پرچے پیر کو لیکر آر پی او آفس جاؤں گا، دھرنا فی الحال موخر کر رہے ہیں، پھر احتجاج پر ساری سڑکیں بند کریں گے۔ وہ ڈی پی او قصور آفس کے سامنے پیپلز پارٹی قصور کے زیر اہتمام پر امن احتجاجی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی قصور کے زیر اہتمام ضلعی دفتر سے ڈی پی او آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت چودھری منظور احمد نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے ڈی پی او قصور پولیس کیخلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ پولیس گردی کیخلاف بھر پور نعرے لگا رھے تھے۔ چودھری منظور نے کہا کہ ہمارا کسی ادارے یا شخصیت سے ذاتی تصادم نہیں، پیپلز پارٹی کے جیالوں نے کوڑوں کی جھنکار میں تحریک چلائی۔ ہم جھکے ہیں نہ بکے ہیں ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درجنوں کارکنوں کیخلاف الیکشن سے قبل جھوٹے مقدمات بنائے۔ پولیس مسلسل چھاپے مار رھی ہے۔ پولیس کے ذریعے وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں۔