• news

پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط ملک و قوم کے مفادات سے کھیلنے کے مترادف : ساجد میر 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے دوست ممالک کو پاکستان کی معاشی امداد نہ کرنے کا خط بھیجنے کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ کی طرح پاکستان کے معاشی مستقبل سے کھیلنے کے لیے ایک بار پھر بھی تیار ہوگئے ہیں، ان کی طرف سے انتشار، عدم استحکام اور افراتفری کی پالیسی ابھی تک جاری ہے۔ تحریک انصاف کا خط لکھنے کا اعلان غیر ذمہ دارانہ ہے۔2018 میں دھاندلی کے الزامات پر تو کسی جماعت نے ایسا نہیں کیا تھا۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے عوام اور ان کے مفادات کے ساتھ کھلواڑ جاری رہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے ہمیں ذاتی اناؤں کو قربان کرکے قومی سوچ اپنانی چاہیے۔ ملک مزید کسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انتقال اقتدار کے مراحل پر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ احتجاج اور ہنگاموں کی سیاست سے ملک کو کمزور کرنے والے عناصر ملک کے خیرخواہ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن