• news

والد کی بحیثیت تھانیدار یادیں، کینیڈا سے آئی سکھ خاتون قلعہ گجر سنگھ تھانے پہنچ گئی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) کینیڈا سے آنے والی سکھ خاتون نے فیملی کے ہمراہ لاہور کے اس پولیس سٹیشن کا دورہ کیا جہاں تقسیم سے قبل ان کے والد تھانیدار تعینات تھے۔ راجونت کور کے مطابق 1947 کی تقسیم میں ان کے والد سردار بنتا سنگھ ڈھلوں کو بھی دوسرے سکھ اور ہندو خاندانوں کی طرح لاہور اور اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا تھا۔  تقسیم سے قبل ان کے والد تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں تھانیدار تھے۔ ان کا خاندان ہجرت کر کے انڈیا چلا گیا جہاں 1949 میں ان کی پیدائش ہوئی۔ راجونت کور بمشکل ڈیڑھ سال کی تھیں جب ان کے والد کا بھی انتقال ہوگیا۔ وہ اپنے والد کی تصویر خوابوں اور خیالوں میں لیکر جوان ہوئیں۔ راجونت کور کے شوہر وریام سندھو نامور کہانی نویس اور شارٹ فلموں کے بادشاہ مانے جاتے ہیں۔ دونوں میاں بیوی کے پاس انڈیا کے علاوہ کینیڈا کی بھی شہریت ہے۔ گزشتہ روز جب راجونت کور قلعہ گجر سنگھ پولیس سٹیشن دیکھنے پہنچی تو ایس ایچ او کی کرسی پر بیٹھے یونس بھٹی نے ان کا استقبال کیا۔ ایس ایچ او یونس بھٹی نے بزرگ سکھ خاتون کو عزت دی اور احتراماً انہیں اپنی خالی کرسی پر بٹھایا۔ انہوں نے راجونت کور سے کہا ماں جی، اس وقت اس کرسی پر آپ کے والد بیٹھے تھے اور آج یوں سمجھ لیں آپ کا بیٹا بیٹھا ہے۔ راجونت کور پنجاب پولیس کا یہ برتاؤ اور مہمان نوازی دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔ وہ تھانے کے درودیوار چومتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا انہیں اس تھانے کی درودیوار میں اپنے والد کی خوشبو محسوس ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن