فیروزوالہ: قتل، ڈکیتی کا ملزم فرار، غفلت پر سب انسپکٹر، کانسٹیبل گرفتار
فیروزوالہ (نامہ نگار) تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کوٹ عبدالمالک کی حراست سے قتل اور ڈکیتی کے مقدمات کا ملزم نصیر نامی فرار ہو گیا۔ غفلت برتنے پر سب انسپکٹر عبدالجبار اور کانسٹیبل ریاض گرفتار جبکہ سابق ایس ایچ او شاہد رفیق سمیت تین انسپکٹروں اور دیگر پانچ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کے سب انسپکٹر عبدالجبار نے گجرانوالہ اور لاہور میں قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم نصیر کو کیمپ جیل لاہور سے ڈکیتی کے مقدمہ میں نامزد ہونے پر اسے منتقل کرکے تھانہ فیکٹری ایریا لے آئے، یہاں پر ملزم سے پوچھ گچھ کی گئی۔ بعد میں ملزم کو کیمپ جیل لے جانے کی بجائے اس کی رہائش گاہ واقع رحمان گارڈن لے گئے۔ یہاں پر انسپکٹر قاسم جاوید اور علی رضا موجود تھے، وہاں سے ملزم پولیس کی غفلت کے باعث فرار ہو گیا۔ تا ہم مفرور ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔ ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے اس مقدمہ میں ملوث تین انسپکٹروں سمیت پانچ اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ اس واقعہ کی انکوائری کے لیے ایس پی انویسٹیگیشن شیخوپورہ غلام عباس کو انکوائری افیسر مقرر کر دیا۔