ہائیکورٹ: بلال اعجاز کی مقدمات تفصیلات فراہمی کی درخواست نمٹا دی گئی
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے قومی اسمبلی کے حلقہ 81 سے پی ٹی آئی کے بلال اعجاز کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں رپورٹ پیش کر تے ہوئے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف لاہور میں 4 ، راولپنڈی میں 5،گوجرانوالہ میں1 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 83 سے اسامہ غیاث میلہ کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر آئی جی پنجاب سے 26 فروری کو تفصیلات طلب کرلیں، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ الیکشن سے پہلے درخواست گزار کو دو مقدمات میں ملوث کیا گیا، دونوں مقدمات میں درخواست گزار نے ضمانتیں کروا لیں ،اب اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنا چاہتا ہے خدشہ ہے اس کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ عدالت پنجاب میں اس کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرے، پولیس ناجائز تنگ اور ہراساں کر رہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کیخلاف کیسوں کی تفصیلات کے حصول کیلئے دائر درخواستوں پر حکومت پنجاب و فریقین سے یکم مارچ کو دوبارہ رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے حکومتی وکیل کی رپورٹ مسترد کر دی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار نے اپنے والدین کیخلاف کیسوں کی تفصیلات مانگی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ایم این اے اسامہ احمد میلہ اور ایم پی اے عنصر اقبال ہرل کے خلاف مقدمات کی تفصیلات کی درخواستوں پر پولیس، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے سے تفصیلات طلب کر لیں۔ درخواستوںمیں موقف اپنایا گیا کہ ممبران اسمبلی نے حلف کے لیے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کرنی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی ہیں، تفصیلات طلب کرنے کے باوجود فراہم نہیں کی جا رہیں، خدشہ ہے کہ پوشیدہ مقدمہ میں گرفتار کر لیا جائے گا، استدعا ہے کہ عدالت تمام مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔