عالمی عدالت: آزادی ہر انسان کا حق، مسئلہ فلسطین کا دور ریاستی حل امن کی بنیاد، پاکستان
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے کیس کی سماعت میں پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔ احمد عرفان اسلم نے کہا کہ یہ عدالت فلسطینیوں کے حق کو تسلیم کر چکی ہے۔ آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے اور فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کے حامی ہیں۔ اسرائیل نے فلسطین پر اپنے قبضے کو ناقابل تسخیر بنانے کی کوشش کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں پاکستانی وزیر قانون اور انصاف احمد عرفان اسلم نے دلائل پیش کئے۔ وزیر قانون اور انصاف نے مزید کہا کہ لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ ایسے ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضے کو ختم کیا گیا ہے جیسے کہ فرانس 1962ء میں الجزائر سے اپنے دس لاکھ سے زیادہ آباد کاروں کو واپس بلانے پر مجبور ہو گیا تھا۔ وزیر قانون اور انصاف احمد عرفان اسلم نے فلسطین کے دو ریاستی حل کو امن کی بنیاد قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی قوانین کی ٹھوس بنیادوں پر عمل کو ممکن بناکر مذاکراتی کوششوں میں مدد کرے۔