شکست کی ذمہ داری آر ایس ٹیکنالوجی: شاداب
لاہور(سپورٹس رپورٹر)اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچ میں شکست کا سہرا ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے سر سجا دیا۔ان سے سوال کیا گیا کہ انہیں میچ میں شکست کیوں ہوئی، کہاں غلطی ہوئی تو انہوں نے شکست کا ذمہ دار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کو ٹھہرا یا۔انہوں نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی۔ وہ میچ کا گیم چینچنگ لمحہ تھا، میرے خیال سے ان چیزوں کو درست ہونا چاہئے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ریویو میں دوسری گیند دکھانے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ میں نے بطور لیگ سپنر 4 اوورز کروائے ہیں، تب گیند اتنی نہیں گھوم رہی تھی۔ ریویو میں آغا سلمان کی بال کو سب سے پہلے ہٹنگ آؤٹ سائڈ آف سٹمپ اور پھر سپننگ بھی کر دی۔ میرے خیال سے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہیے۔ہاک آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تصدیق کردی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ میں سلمان علی آغا کیخلاف رائلی روسو کو ناٹ آؤٹ قرار دینا انسانی غلطی تھی۔ہاک آئی نے تسلیم کیا ہے کہ سسٹم نے زیربحث ڈلیوری کو درست طریقے سے ٹریک کیا تھا جس میں امپائر کی کال کے طور پر امپیکٹ اور وکٹ کو ہٹ کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ تاہم آپریٹر کی غلطی کی وجہ سے غلط بال ٹریکنگ ڈیٹا کوآن ایئر کردیا گیا۔اگر توقع کے مطابق عمل کیا گیا ہوتا تو بال ٹریکنگ کا درست ڈیٹا غلط ڈیٹا کے چلنے کے چند سیکنڈ بعد ہی دستیاب ہوتا۔ ہاک آئی کی وضاحت میں اظہار افسوس کیا گیا ہے۔