• news

سفاری پاک ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے وعدہ پورا کر دیا، مریم نواز نے اچھا ہوم ورک کر رکھا ہے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ایک اور وعدہ پورا، ایک اور منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل، اپ گریڈیشن کے بعد لاہور سفاری پارک کھول دیا گیا۔ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ اپ گریڈڈ سفاری پارک کا افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے انفارمشین سنٹر پر خود رقم دیکر اپنی، صوبائی وزراء اور افسروں کے لئے ٹکٹ خریدیں۔ سفاری پارک آنے والے ایس او ایس ویلیج کے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ شیر و چیتے سفاری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورگاڑی سے شیروں کو کھلے اور آزاد ماحول میں گھومتے پھرتے دیکھا۔ محسن نقوی نے خصوصی گلاسز پہن کر ہولو گرام زو بھی دیکھا اور ہولو گرام زو کے ذریعے پانڈا کو پیار کیا اور ہولو گرام زو میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سالٹ رینج، شترمرغ، ہرن،بارہ سنگا، کڈو، اڑیال اور دیگر جانوروں کا بھی سفاری وزٹ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈیزرٹ سفاری اور ایکوریم کا دورہ کیا اور پورے پارک کا راؤنڈ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماراکام کرنے کا آخری دن‘ آج وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوجائے گا۔ سفاری پارک اور لاہور زو کو اپ گریڈکرنے کا بچوں سے وعدہ کیا تھا جسے پورا کرنا ترجیحات میں شامل تھا۔ سفاری پارک میں ایک ماہ کے لئے سکولوں کے طلبہ کا داخلہ مفت ہوگا۔ پہلے 4 ہاتھی نئے آرہے تھے، لیکن ٹیم کی بہترین کاوشوں سے 4 کی قیمت میں 6 نئے ہاتھی آرہے ہیں۔ پہلے ایک ہاتھی بھی نہیں تھا، اب 6 ہاتھی آرہے ہیں۔ سفاری پارک میں بہتری ایکوریم بنایا گیا ہے، نائٹ سفاری کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور زو اور سفاری پارک کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ صرف 10فیصد باقی ہے، انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ کام کرنے والی بیوروکریسی کی بہترین ٹیم ہے، میں نے اگر 10گھنٹے کام کیا ہے تو بیوروکریسی نے 16گھنٹے کام کیا ہے۔ 180 ارب روپے کے آسان شرائط پر قرضے کی آفر ہوئی لیکن ہم نے مسترد کر دی۔ الحمداللہ گندم کی مد میں 600 ارب روپے کا قرض چکایا‘ پنجاب کو 900 ارب روپے کا سرپلس چھوڑکرجا رہے۔ امید ہے کہ پیسے اچھی طرح استعمال ہونگے اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ مریم نواز نے حکومت چلانے کے لئے اچھا ہوم ورک کیا ہوا ہے، ان کا پلان اچھا ہے۔ مریم نواز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کیونکہ پنجاب کے عوام نے ان کو منتخب کیا ہے۔ انشاء اللہ مریم نواز کامیاب ہونگی کیونکہ محنت سے کام کریں گے تو کامیاب ضرور ہوگی۔ مریم نواز بہت انرجیٹک ہیں،امید سے زیادہ عوامی خدمت کریں گی۔ پی ایس ایل 9 میں ہر کھلاڑی کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر اچھی ٹیم بنائیں گے۔ مجھے اور میری ٹیم کو رشوت کی بہت آفرز آئیں لیکن الحمد اللہ ایسی تمام آفرز کو لات ماری۔ اللہ کا شکرہے کہ کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، عہدہ سنبھالتے وقت اللہ سے دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ ہماری عزت قائم رکھنا۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قربان لائنز  میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سیف سٹیز سسٹم کو راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں آپریشنل کر دیا گیاہے۔پنجاب کے 18 مزید شہروں میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ باقی 14 شہروں میں بھی سیف سٹی نیٹ ورک تشکیل دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔ الیکشن کے دوران مانیٹرنگ کیلئے 23 ہزار کیمرے خریدے گئے اور 1 ارب روپے کی بچت کی گئی۔ الیکشن کیلئے خریدے گئے کیمروں کو 14 شہروں میں انسٹال کر کے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 13 ماہ کی حکومتی کارکردگی میں سیف سٹیز پراجیکٹس پر ہمیشہ فخر رہے گا۔ سیف سٹی پراجیکٹس کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیا ہے۔ سی بی ڈی روٹ47 مکمل، وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سی بی ڈی روٹ 47 کا بھی افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی بی ڈی نے اپنے آپ کو صوبہ پنجاب کی ترقی کے لیے اثاثہ کے طور پر منوایا ہے۔ سی بی ڈی روٹ 47سے مین بلیوارڈ گلبرگ سے والٹن روڈ لنک ہوگا۔ سی بی ڈی روٹ 47 شہر لاہور میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے میں معاونت کرے گا۔ جبکہ محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال اورسول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کے ماڈل روم میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے بھوبتیاں کے قریب پولیس اپارٹمنٹس کا افتتاح کر دیا ہے۔ محسن نقوی نے بیٹ رپورٹرز سے الوداعی ملاقات کی۔ بیٹ رپورٹرز نے وزیراعلی محسن نقوی کی خدمات کو سراہا۔ روڈا ہاؤسنگ سکیم پر وزیراعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ مریم نواز شریف کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ مجھے یقین ہے مریم نواز شریف بطور وزیراعلی مجھ سے بہتر پرفارم کریں گی۔ نگران حکومت کا کسی بھی سیاسی حکومت سے موازنہ درست امر نہیں۔ تجاوزات کے خاتمے اور ایجوکیشن سیکٹر کے لئے کچھ نہ کرنے کا افسوس رہے گا۔محسن نقوی نے داتا دربار کا دورہ کیا اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی۔ ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے دعا کی اور مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن