کھلاڑی بھی انسان ‘روبوٹ یا مشین نہیں ہر مرتبہ پرفارم کریں:ثمین رانا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 9میں لاہور قلندرز کی مسلسل تین ناکامیوں پر ٹیم کے سی او او ثمین رانا نے کہا ہے کہ کھلاڑی بھی انسان ہیں کوئی روبوٹ یا مشین نہیں ہیں کہ ہر مرتبہ ہر جگہ پرفارم کریں۔ توقع تو یہ ہوتی ہے آغاز جیت سے ہو گا لیکن شکست سے ٹیم مضبوط بن کر سامنے آتی ہے، مایوسی نہیں ہے کرکٹ ایک کھیل ہے اور ہم اس کو اسی طرح لیتے ہیں، مایوسی تب ہو جب آپ کی ٹیم کوشش نہ کر رہی ہو، تمام کھلاڑی اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شاہین آفریدی، حارث رف اور زمان خان ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں ان سے توقعات زیادہ ہیں، توقعات زیادہ ہونے کا کھلاڑیوں کو بھی اندازہ ہے انہیں سپورٹ کرنے ضرورت ہے۔ ان کھلاڑیوں نے پاکستان اور لاہورقلندرز کیلئے اس لیے خدمات انجام دیں کیونکہ ان میں صلاحیت ہے، یہ تینوں پاکستان کے نمبر ون، نمبر ٹو اور اور نمبر تھری بائولر ہیں۔