یاسمین راشد، صنم جاوید سمیت 30 ملزموں کو عدالت پیش نہ کیا جا سکا
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عسکری ٹاور حملہ اور جلائو گھیرائو کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت عدالت نے ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ چالان کی کاپیاں تقسیم ہونے کے بعد ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی ۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سمیت 30 ملزموں کو جیل سے پیش نہیں کیا گیا۔ دریں اثنا عدالت نے 9 مئی تھانہ شادمان نذر آتش اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عالیہ حمزہ کی ضمانت درخواست پر یکم مارچ کو وکلاء کو بھی بحث کے لئے طلب کر لیا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں صنم جاوید کی ضمانت درخواست پر سرکاری وکیل کو تفصیلی بحث کے لئے یکم مارچ کو طلب کر لیا۔