فیصل آباد: جعلی شناختی کارڈ بنوانے والی خاتون کو 8 سال قید، 4 لاکھ روپے جرمانہ، ساتھی مفرور قرار
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن رانا زاہد اقبال نے جعلی شناختی کارڈ بنوانے والی خاتون کو قید اور جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرہ سرگودھا نے بتایا کہ 2020ء میں ملزمہ نصرت بی بی افغان شہری کی بہن ظاہر کرتے ہوئے شناختی کارڈ بنوانے سرگودھا نادرہ آفس میں آئی تھی، چیکنگ پر ڈاکومنٹس بوگس ثابت ہونے پر خاتون اور اس کے ساتھی نقیب کے خلاف تھانہ ایف آئی اے سرگودھا میں مقدمہ درج کروایا تھا، عدالت نے دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر خاتون کو آٹھ سال قید اور چار لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم جبکہ عدالت پیش نہ ہونے پر ساتھی نقیب کو عدالتی مفرور قرار دے دیا۔