لیبیا کشتی حادثے میں گرفتار انسانی سمگلر کو 20 سال قید‘ 14 لاکھ جرمانہ
گوجرانوالہ (نیٹ نیوز) لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ایک انسانی سمگلر کو عدالت نے سزا سنا دی ہے۔ سماعت گوجرانوالا کے سپیشل جج سینٹرل محمد نعیم کی عدالت میں ہوئی۔ ملزم پر فرد جرم عائد کی گئی تو ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا تاہم جرم ثابت ہونے ہر عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے بذریعہ ہوائی جہاز اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 24 لاکھ روپے وصول کیے اور بعد میں غیر قانونی طور پر لیبیا بھجوا دیا۔ انسانی سمگلر شہزاد الہٰی کو 20 سال قید اور 14 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ملزم نے سیالکوٹ کے رہائشی احسن کو لیبیا بھجوایا تھا، احسن لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے کشتی حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔