بلدیہ شیخوپورہ اور لیسکو چپقلش، درجنوں فیڈر بند ، شہر تاریکی میں ڈوب گیا
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) لیسکو اور بلدیہ کی کشمکش کے باعث لیسکو نے شیخوپورہ شہر کے درجنوں فیڈرز کو احتجاجاً بند کر دیا جس سے تقریبا ً پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔تفصیلات کے مطابق بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر لیسکو نے بلدیہ شیخوپورہ کے دفاتر کی بجلی کاٹ دی تھی جس کا بدلہ لینے کیلئے بلدیہ شیخوپورہ کے عملہ نے لیسکو شیخوپورہ کے 3 سب ڈویژنوں جناح پارک،سول لائن،جنڈیالہ روڈ اور وارث شاہ سب ڈویژن کے دفاتر کو سیل کر دیا۔ بلدیہ شیخوپورہ عرصہ دراز سے لیسکو کی کروڑوں روپے کا ڈیفالٹر ہے۔ لیسکو عملہ نے کنکشن کاٹ دیئے جس پر بلدیہ کے عملہ نے بدلہ لینے کیلئے چار سب ڈویژنوں کے دفاتر کو اس لئے سیل کیا کہ ان کے نقشے بلدیہ سے منظور نہیں کرائے گئے جس پر لیسکو کے ذمہ داروں نے شہر بھر کی لائٹ بند کر دی۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ محکموں کے اعلیٰ حکام کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔دریں اثناء بلدیہ شیخوپورہ کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی کی ہدایت پر لیسکو کے دفاتروں کو ڈی سیل کروایا اور لیسکو سب ڈویژن کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ ڈھائی کروڑ روپے اور سب ڈویژن کے نقشے جمع کروائے اور میونسپل کمیٹی کو ناجائز اوور چارجنگ کے بجلی کے بل فوراً درست کیے جائیں۔