معاشی استحکام کیلئے اختلافات ختم، ملکر کوششیں کرنا ہوں گی: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر و نامزد وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے غربت، بے روزگاری اور جہالت کے خاتمہ کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے نہ تھی،ہمیں معاشی استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکر کاوشیں کرنا ہوں گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہوں گے،بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پْرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے، پاکستان تبھی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی،ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے،پہلے بھی معاشی ترقی و استحکام کی روشن مثال قائم کی اور اب بھی انشاء اللہ معیشت کو بہتر بنانے کیلئے عملی و ٹھوس اقدامات کیئے جائیں گے،اپنے دور حکومت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپوں کی بچت کر کے کفایت اور بچت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا،میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ زندہ قومیں چیلنجز اور مشکلات کا سامنا جرآت اور محنت سے کرتی ہیں،ہم باہم متحد ہوکر انشاء اللہ آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے،میاں نواز شریف کا دور ترقی و خوشحالی کا سنہری دور تھا، قائد عوام، میاں نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، ملک سے غربت، بیروزگاری اور جہالت کے خاتمے کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔