ملک بھر میں شب برات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
اسلام آباد (آئی این پی+خبر نگار) ملک بھر میں شب برات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، مساجد اور گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا،ماہ شعبان کی پندرھویں رات، رحمتوں اور برکتوں والی رات ہے، اس رات کو لیل المبارک یعنی برکتوں والی رات، لیل الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیل الرحم یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے،شب برات کے اجتماعات میں مساجد میں خصوصی نوافل کی ادائیگی، اللہ تعالی کے حضور گناہوں سے توبہ، بخشش و مغفرت ،ایمان و سلامتی، رزق کی کشادگی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، فرزندان اسلام نفلی روزہ بھی رکھے،شب برات کے سلسلے میں شہر بھر میں مساجد کو برقی قمقموں سے سجا یاگیا، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔