• news

لباس پر عربی ڈیزائن کو آیات سمجھ لیا، مشتعل ہجوم نے خاتون کو ہراساں کیا

لاہور (نامہ نگار) اچھرہ کے علاقے میں شہریوں نے عربی کیلیگرافی ڈیزائن والا لباس پہننے والی خاتون کو ہراساں کرتے ہوئے دکان میں بند کر دیا۔ پولیس نے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچا لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کو کال موصول ہوئی کہ ایک خاتون قرآنی آیات والا لباس زیب تن کر کے اچھرہ کے علاقے میں موجود ہے۔ شہریوں کی جانب سے خاتون کو دکان میں بند کر کے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جس پر اے ایس پی گلبرگ شہر بانو سمیت متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے خاتون کی جان بچاتے ہوئے تھانے منتقل کیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ڈیزائن والا ڈریس سمجھ کر دکان سے خریدا تھا۔ جس پر کوئی مذہبی الفاظ درج نہیں بلکہ عربی ڈیزائن ہے۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ اے ایس پی شہر بانو نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا جس پر شہر بانو کوقائد اعظم پولیس میڈل سے نوازنے کیلئے حکومت کو سفارشات بھجوائی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن