• news

وزیراعظم آزاد کشمیر حضرت بابا پیرا شاہ غازی ؒ کے  عرس میں بغیر پروٹول پہنچ گئے  

میرپور (آئی این پی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر چوہدری انوار الحق نے گزشتہ رات تقریباً 12 بجے برصغیر کے عظیم روحانی پیشواء حضرت بابا پیرا شاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکار ؒکے سالانہ عرس کے موقع پر بغیر پروٹوکول کے دربار کھڑی کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے حضرت بابا پیرا شاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکارؒ اور عارف کھڑی حضرت میاں محمد بخش ؒکے مزارات پر حاضری دی،پھول اور چادریں چڑھائی اوربزرگان دین کے درجات کی بلندی،پاکستان کی سلامتی،مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی،عالم اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز کے استحکام کے لئے دعائیں کیں۔وزیر اعظم چوہدری انور الحق نے کھڑی شریف میں موجود دیگر مزارات پر حاضری دینے کے علاہ چلہ گاہ کی زیارت کا بھی شرف حاصل کیا۔وزیر اعظم کی دربار کھڑی شریف آمد پر زائرین بھی ان کے ساتھ گھل مل گے، زائرین کو پتہ بھی نہیں چلا کہ یہ وزیراعظم آزاد کشمیر ہیں بعد ازاں وزیر اعظم کی بغیر پروٹول زائرین سے ملاقات پر دور دراز سے آنے والے زائرین نے سادگی اور بندہ پروری کی زندہ مثال دیکھنے پر وزیراعظم کی عمر حیات،صحت کاملہ اور انہیں ریاست کے عوام کی مذید خدمت کرنے کے لئے دعائیں دیں۔وزیر اعظم کی آمد کے وقت ڈی آئی جی پولیس چوہدری سجاد حسین،ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی کامران علی بھی احاطہ دربار میں موجود تھے۔وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ زائرین کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات و مراعات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ کھڑی شریف دربار کو مستقبل کی ضرورت کے پیش نظر مذید وسعت دی جائے گی تاکہ یہاں آنے والے زائرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنے پڑے۔

ای پیپر-دی نیشن