(ن) لیگی حکومت کے قیام سے مثالی دور شروع ہو گا: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ (ن) لیگ حکومت کے قیام سے ایک بار پھر تعمیر و ترقی کے مثالی دور کا آغاز ہو گا۔ (ن) لیگ کی نو منتخب حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گی، بے روزگاری کا خاتمہ کیا جائے گا اور مرحلہ وار عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلایا جائے گا۔ پارٹی کے نومنتخب ارکان اسمبلی بڑھ چڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔ ان شاء اللہ نئی تشکیل پانے والی حکومت وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوامی اُمنگوں کی ترجمان ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سرپرستی اور شہباز کی قیادت میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال سیاسی پارٹیوں کا اتحاد ملک کو درپیش سنگین مسائل سے نجات اور سیاسی و معاشی عدم استحکام کیلئے موثر کردار ادا کرے گا۔