• news

سیاسی قیدی اچھے نہیں لگتے، کسی سے بدلہ نہیں لینا چاہتے: ایاز صادق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاسی قیدی اچھے نہیں لگتے، ہم کسی سے بدلہ نہیں لینا چاہتے۔ لاہور کے علاقے بھٹہ چوک میں ظہرانے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے۔ دلوں میں نرمی پیدا کریں، ہم پاکستان کی خاطر دلوں کو جوڑنا چاہتے ہیں، میں اور سعد رفیق مل کر ہر جماعت کے قائد کے پاس جا کر گرینڈ ڈائیلاگ کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کے سامنے التجا کریں گے کہ آپ سب کو اکٹھا بٹھائیں، سب جماعتوں کی خواہش ہوگی کہ ملک کے مفاد کی خاطر ایک ہو جائیں، پاکستان اب مزید نقصان نہیں اٹھا سکتا، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 29 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہونا ہے، پھر سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد شہباز شریف حکومت سنبھالیں گے، اس کے ساتھ ہماری سپورٹ اتحادی کریں گے۔ پنجاب میں قوم کی بیٹی مریم نواز خدمت کیلئے باگ ڈور سنبھالیں گی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہم خدمت کی سیاست کریں گے ذاتیات کی نہیں، ہم نے شرافت کی سیاست نہیں چھوڑنی۔ 

ای پیپر-دی نیشن