فیڈمک ، آئی بی آئی گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
لاہور(کامرس رپورٹر )فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک ) اور چین کی کمپنی آئی بی آئی گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت فریقین دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ چیئرمین فیڈمک میاں محمد انس جان نے چین کا کامیاب دورہ کیا جہاں پر ان کی مختلف کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئی۔میاں محمد انس نے دورہ شوڑئو کے دوران چنگ شو فرنیچر سٹی، ایلیو سٹی اور شوڑئو انڈسٹریل پارک کے دورہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ اس موقع پر انہوں نے چین کی کمپنی آئی بی گروپ اور فیڈمک کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی بی آئی گروپ باہمی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ہمارے افق کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ دونوں فریقین مستقبل میں تعاون کیلئے پرجوش اور پرامید ہیں۔ چیئرمین فیڈمک میاں محمد انس جان نے آئی بی آئی گروپ کی مینو فیکچرنگ کیلئے گرین ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔انہوں نے گفتگومیں کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی فیصل آباد میں قائم کی گئی جس کا شمار پاکستان میں موجود اسپیشل اکنامک زونز کی بڑی ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنیز میں ہوتا ہے۔