پتنگ بازی مشغلہ نہیں خونی کھیل‘کارروائیاں جاری رہیں گی : علی ناصر رضوی
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ پتنگ بازی مشغلہ نہیں بلکہ خونی کھیل ہے۔ چند منٹ کی تفریح کسی کیلئے عمر بھر کا روگ بن سکتی ہے۔لاہور پولیس آپریشنز ونگ پتنگ باری کے خلاف زیر ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔پتنگ بازی سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دھاتی ڈور اور پتنگیں بنانے والوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔شہر کے داخلی ناکوں پر بھی پتنگ بازی کے خام مال کی ترسیل روکنے کے لیے خصوصی اقدامات اْٹھائے گئے ہیں۔ای پولیس ایپ کے ذریعے پتنگ سازی میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں سال ابتک پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر425 مقدمات درج کئے گئے۔کارروائیوں کے دوران 425 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ملزمان سے9ہزار سے زائد پتنگیں،3ہزار800چرخی و پنی ڈور بھی برآمد کی گئی۔پتنگ بازوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سٹی ڈویڑن پولیس نے 98،کینٹ 108 سول لائنز40، صدر43،اقبال ٹاؤن63 اورماڈل ٹاؤن ڈویڑن پولیس نے73 مقدمات درج کئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے باز رکھیں۔ شہری کسی بھی غیر قانوی عمل کی فوری اطلاع ایمرجنسی نمبر15پر دیں تاکہ اس کا سد باب کیا جا سکے۔