• news

مراد علی شاہ 1962 میں پیدا ہوئے‘ پہلی بار 2002 میں الیکشن لڑا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ مسلسل تیسری مرتبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ سید مراد علی شاہ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پیپلز  پارٹی کے مرحوم رہنما اور سابق وزیرِاعلیٰ سندھ سید عبداللہ علی شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ وہ بھی 1993ء سے 1996ء تک سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔ مراد علی شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ 1962ء میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ مراد علی شاہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986ء میں واپڈا سے بطور جونیئر انجینئر کیا اور پہلی بار 2002ء کے عام انتخابات میں جامشورو کے حلقہ پی ایس 73 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور یوں ان کا سیاسی کیریئر شروع ہوا۔ وہ 2007ء میں اور پھر 2014ء کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں دہری شہریت رکھنے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا بعد ازاں انہوں نے اپنی کینیڈا کی شہریت ترک کی اور 2014ء میں ضمنی انتخاب لڑ کر منتخب ہوگئے تھے۔ مراد علی شاہ کو قائم علی شاہ کی کابینہ میں صوبائی وزیرِ خزانہ کا قلمدان سونپا گیا، لیکن جولائی 2016ء میں پیپلز پارٹی نے وزیرِاعلیٰ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 29 جولائی 2016ء کو سندھ اسمبلی کے اراکین نے مراد علی شاہ کو صوبے کا نیا وزیرِاعلیٰ منتخب کر لیا تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن