• news

مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کی درخواست مسترد ہوئی تو ایوان چلنا مشکل: حامد رضا

اسلام آباد (رانا فرحان اسلم، خبر نگار) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن ہماری فہرست اور تعداد کے مطابق مخصوص نشستیں الاٹ کرے۔ اگر ہماری درخواست مسترد کی گئی تو یہ ہمارے ساتھ ظلم اور سراسر ناانصافی ہو گی اور ایوان چلنا مشکل ہو جائے گا۔ اس ضمن میں حتمی مشاورت عمران خان کے ساتھ کی جائے گی جس کے بعد واضح اور مرطوب لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ''روزنامہ نوائے وقت'' کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم نے ترجیحی فہرستیں جمع کروائی ہیں ان کے مطابق قومی اسمبلی کی 23 نشستیں‘ پنجاب 27 اور خیبر پی کے کی 25نشستیں ہیں۔ حامد رضا نے کہا کہ ہمیں آئین وقانون کے مطابق ہمارا حق دیا جائے۔ اگر ہمیں مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کی جاتیں تو سینٹ سے ہماری  سات سیٹیں کم ہو جائیگی اور ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘ سنی اتحاد کونسل اس وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ ایوان میں اپنی آئینی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے حق تلفی اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالے جانے پر احتجاج بھی ہوگا اور عوام اور ان کے ووٹ کی پرچی کی آواز اسمبلی میں گونجے گی۔ سنی اتحاد کونسل اپنے پارلیمانی کردار کیلئے مکمل  تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن