• news

کوئٹہ: دھاندلی کیخلاف 4 جماعتی اتحاد نے 17 روز بعد دھرنا ختم کر دیا

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر کے آفس کے باہر چار جماعتی اتحاد کی جانب سے گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے تک جاری دھرنا ختم کردیا گیا۔ حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف بی این پی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور ایچ ڈی پی کا دھرنا 17 روز سے جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چار جماعتی اتحاد کے احتجاجی کیمپ میں اتحاد میں شامل چاروں جماعتوں کے محض چند کارکن موجود تھے۔ تاہم احتجاجی کیمپ کے باعث ڈی سی آفس کے سامنے انسکمب روڈ ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انسکمب روڈ بند ہونے سے لیاقت پارک اور فیاض سنبل چوک سے سول ہسپتال جانے والے راستے بھی بند تھے۔ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انتخابات کے نتائج فارم 45 کے مطابق تیار کئے جائیں اور ان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر وہ احتجاجی تحریک کو وسعت دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن