توہین الیکشن کمشن: بانی پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کیخلاف سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
لاہور‘ اسلام آباد (خبر نگار+ وقائع نگار) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جسٹس عالیہ نیلم کی سربری میں کیس کی سماعت کرنا تھی۔ جسٹس عالیہ نیلم کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن مقدمے کا جیل ٹرائل کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر نیب کو آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کردیے۔ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر بھی نیب کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود چوہدری نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے نیب کو آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔