اسلام نگر: نشئی نے چھری سے بیوی قتل‘ بیٹی کو زخمی کر دیا‘ اپنی کلائیاں کاٹ لیں
لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقے میں شوہر نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو چھری کے وار کر کے قتل اور بیٹی کو شدید زخمی کر دیا۔ جس کے بعد ملزم نے خود کو بھی کلائیاں کاٹ کر زخمی کر لیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق فیکٹری کے علاقے والٹن روڈ اسلام نگر کے رہائشی داؤد یوسف نے چھری کے وار کر کے اپنی بیوی 40 سالہ رینا داؤد کو قتل اور بیٹی 14سالہ زینا داؤد کو زخمی کر دیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور خاتون کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے جبکہ زخمی بیٹی اور باپ دونوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں ملزم داؤد یوسف کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ 14سالہ زینا داؤد کے سر میں بھی گہرے زخم آئے ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزم داؤد یوسف نشے کا عادی ہے۔