• news

مرتضیٰ بھٹو قتل، 4ملزموں کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری

کراچی(آئی این پی)سندھ ہائی کورٹ نے میر مرتضی بھٹو قتل کیس کے ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران ملزمان غلام مصطفی، گلزار احمد، ظفر احمد اور اصغر میمن کے 25ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے،سندھ ہائی کورٹ نے عدم پیشی پر چاروں ملزمان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔عدالت نے سابق پولیس افسر واجد درانی و دیگر کو حاضری سے استثنی دینے سے انکار کر دیا،دوسر ی جانب سابق پولیس چیف شاہد حیات مرحوم کے بھائی نے اپیل کی پیروی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا،عدالت نے شاہد حیات مرحوم کے بھائی کی درخواست منظور کر لی،وکلا نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کیس میں نامزد شاہد حیات، شبیر احمد قائم خانی، آغا محمد جمیل اور مسعود شریف کا انتقال ہو چکا ہے،عدالت نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو ملزمان کے انتقال کی تصدیقی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا،وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق پولیس افسر شعیب سڈل کو سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن کا اسائنمنٹ ملا ہے اس لیے وہ پیش نہیں ہوئے،مقدمے میں نامزد چیئرمین نیکٹا رائے طاہر اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہو گئے،عدالتِ عالیہ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ اپیلیں 2010 سے زیرِ سماعت ہیں، جنہیں جلد نمٹانا چاہتے ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22اپریل تک ملتوی کر دی،واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں سرکار اور مرتضی بھٹو کے ملازم نور محمد نے اپیلیں دائر کررکھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن