پشاور ہائیکورٹ کا نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو گرفتار نہ کرنے کا حکم
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پی کے کے نامزد وزیراعلیٰ سردارعلی امین گنڈاپور کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ منگل کو پشاور ہائی کورٹ میں علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمات کی تفصیل کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم خان اور جسٹس وقار احمد نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ علی امین گنڈاپور نامزد وزیراعلیٰ ہیں، پرانے کیسز میں علی امین گنڈاپورکو گرفتار کرنے کا خدشہ ہے۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب پولیس یہاں آکر کیسے درخواست گزار کو گرفتار کر سکتی ہے؟، عدالت نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔