مردان، پشاور: جھڑپ، فائرنگ، ایس پی، ابابیل فورس کا اہلکار شہید، کالعدم ٹی ٹی پی کے مطلوب 2 دہشت گرد ہلاک
پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+نمائندہ خصوصی) مردان میں پولیس اور دہشت گردوں کے مابین جھڑپ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس رورل سرکل محمد اعجاز شیرپائو شہید اور دو افسروں سمیت 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 دہشتگرد مارے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق مردان کے علاقہ زڑہ متہ میں رات گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں مردان پولیس جس کی قیادت ایس پی رورل محمد اعجاز شیرپائو کررہے تھے جونہی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے گرد گھیرا ڈالا دہشت گردوں اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس آپریشن میں TTP سے تعلق رکھنے والے محسن قادر اور نائب عباس ہلاک ہوئے۔ ڈی ایس پی رورل نسیم خان اور ان کے گنر زخمی ہوئے۔ ڈی پی او مردان نجیب الرحمن بگوی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز شروع کردیا ہے۔ ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب محسن قادر گروپ کے سرغنہ محسن قادر اور اس کے نائب عباس عرف عیسی مقابلے میں جہنم واصل ہوئے۔ دہشت گرد محسن قادر فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردی کے 21 مقدمات میں جبکہ عباس عرف عیسیٰ بھی دہشت گردی کے 11 مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ہلاک شدہ دہشت گردوں محسن قادر کے سر کی قیمت 7 ملین 20 لاکھ روپے جبکہ عباس عرف عیسی کے سر کی قیمت 5 ملین روپے مقرر کی گئی تھی۔ دریں اثناء پولیس لائنز مردان میں شہید ہونے والے ایس پی محمد اعجاز شیرپاؤ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی مردان ریجن محمد سلیمان، ڈپٹی کمشنر محمد فیاض شیرپاؤ، ڈی پی او نجیب الرحمن سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ضلعی پولیس و انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شہید کی جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔ بعد از نماز جنازہ شہید کے جسد خاکی کو اشک بار آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں شیرپائوچارسدہ روانہ کیا گیا جہاں پر شہید کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ پشاور کے علاقہ پھندو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ابابیل فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہید اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی، ایس پی فقیر آباد سرکل، ایس پی ابابیل فورس، ایس پی ہیڈکوارٹرز اور دیگر افسروں و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ گزشتہ شب رات گئے ابابیل سکواڈ کے اہلکار قیصر خان اور رحم نیاز گلبہار کے علاقہ میں گشت کررہے تھے کہ اس دوران انہوں نے موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے رکنے کی بجائے راہ فرار اختیار کیا جس پر پولیس نے بھی پیچھا شروع کردیا اور تھانہ پھندو کی حدود شہید آباد میں موٹرسائیکل سوار ملزموں نے ابابیل فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں قیصر خان موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگیا جبکہ دوسرا اہلکار رحم نیاز زخمی ہوگیا۔ علاقے میں آپریشن کیا، کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس موقع پر پولیس افسران نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے شہید کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو نے ایس پی اعجاز خان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ بیان میں کہا نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔