الیکشن کمشن نے یکم مارچ کو صدارتی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کرنے کا اعلان کر دیا، کاغذات ملنا شروع
اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کا شیڈول یکم مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 29 فروری کو تمام اسمبلیاں وجود میں آجائیں گی جس کے بعد صدر کے انتخاب کے لیے مطلوبہ الیکٹورل کالج کی تکمیل ہو جائے گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 91 ،130 کے تحت تمام اسمبلیوں کی پہلی نشست انتخابات کے بعد 21 روز میں منعقد ہونا ضروری ہے۔ آرٹیکل 41/4 کے تحت صدر پاکستان کا انتخاب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد 30 روز کے اندر کروانا لازم ہے۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن یکم مارچ کو صدر کے انتخاب کا شیڈول جاری کرے گا۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2 مارچ دن 12 بجے تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی کسی بھی پریذائیڈنگ آفیسر کے پاس جمع کروا سکیں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کاغذات نامزدگی فارم ملنا شروع ہو گئے ہیں۔