• news

میرٹ کی خلاف ورزی کرونگی نہ ہونے دوں گی، سیاسی بھرتی نہیں ہو گی: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی۔ کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی۔ مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں افسروں سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ پر توجہ دی جائے اور صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ سول سرونٹس محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں۔ احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں۔ کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔ حلف برداری کے بعد سیدھی آفس گئی اور کام شروع کردیا۔ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے۔ ادارہ جاتی تنظیمی اصلاحات کرنا ہوگی، جڑ تک پہنچ کر مسائل ختم کریں گے۔ مریم نواز شریف کو چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری خزانہ نے محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور سول سیکرٹریٹ کو تاریخی اور قدیمی حالت میں بحالی پراجیکٹ کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکرٹریٹ میں میوزیم کا افتتاح بھی کیا۔ دوسری جانب مریم نواز شریف کے ’’محفوظ پنجاب‘‘ ویژن پر عملدرآمد شروع ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔31دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ ڈسٹرکٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کا حکم دیا۔ خواتین کے تحفظ کے لئے اپ گریڈڈ ’’وویمن سیفٹی ایپ‘‘ لانچ کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ وویمن سیفٹی ایپ 2ہفتے کے اندر فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے، وویمن سیفٹی ایپ 43سروسز ایک کلک پر میسر ہوں گی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی خواتین پولیس کمیونیکیشن آفیسر کے لئے ہاسٹل بنانے کا اعلان کیا۔ جرائم کے بروقت سد باب کے لئے سیف سٹی کرائم سٹاپر ایپ، ٹرائل رن شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کرائم سٹاپر کے ذریعے دہشت گردی، زیادتی، منشیات، اسلحہ کی نمائش سمیت دیگر جرائم رپورٹ کئے جا سکیں گے۔ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور اسلحہ کی نمائش روکنے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس بیسڈ سافٹ وئیر تیار۔ سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کے ذریعے تجاوزات کی نشاندہی بھی ممکن ہو گی۔ مریم نواز شریف نے سیف سٹی اتھارٹی ڈیٹا سنٹر اور ڈیجیٹل وال کا معائنہ کیا۔ 15کال سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ لیڈی پولیس کمیونیکیشن آفیسرز سے ڈیسک پر جا کر بات چیت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا اور تونسہ کی فیکٹری میں چوری کی کال پر رسپانس کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے 15پر کال کرکے پولیس رسپانس اور ٹائم چیک کیا۔ قبل ازیں وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹریفک روکنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے  ٹریفک مینجمنٹ ٹھیک کر نے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف سوا 8 بجے رائیونڈ سے دفتر کے لئے روانہ ہوئیں اور 9 بجے دفتر پہنچ گئیں۔ مریم نواز شریف کے ویژن پر عملدرآمد کا آغازکر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی سے تجاویز طلب کر لیں۔ صوبہ بھر میں گلیوں کی مرمت کے پراجیکٹ کا اعلان کیا۔ دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے لئے پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہروں اور دیہات کے محلوں کی چھوٹی سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کے لئے فوری پلان بھی طلب کر لیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر حلقے کو ترقیاتی پراجیکٹ کے لحاظ سے ماڈل حلقہ بنانا چاہتے ہیں۔ عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہونے چاہئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف سے شیخوپورہ اور قصور کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب میں مقیم مستحق افراد کا ڈیٹا بنک تیار کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مستند ڈیٹا بنک کے لئے ’’پراونشل سوشو اکنامک رجسٹری‘‘ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے متہ کاٹلنگ میں شہید ایس پی اعجاز خان شیرپاؤ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ہے کہ اعجاز خان شیرپاؤ کی شہادت پر بے حد دکھ ہے، اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن