9 فروری کو دھاندلی کی جو تاریخ رقم ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی: علیمہ خان
راولپنڈی (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے 9 فروری کو دھاندلی کی جو تاریخ رقم ہوئی. اس کی مثال نہیں ملتی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے 9 فروری کو دھاندلی کی جو تاریخ رقم ہوئی، اس کی مثال نہیں ملتی، 8فروری کے بعد اب تک دھاندلی کے ذریعے نشستیں چھینی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو 2 سال سے پکڑا جارہا ہے، سزائیں دی جارہی ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین کو بھی نہیں چھوڑا، یہ ووٹس امیدواروں کے نہیں، عوام کے ہیں جنہیں چھینا جارہا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ جو چوری کا ووٹ لے کر اسمبلی تک پہنچے ہیں وہ پریشان ہیں، بانی پی ٹی نے انڈیا کی مثال دی کہ چندی گڑھ میں بی جے پی کے لئے آر روز نے دھاندلی کی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان کی سپریم کورٹ بھی بھارتی سپریم کی طرح انصاف دے گی، قانونی طور اب تمام تمام کاروائی سپریم کورٹ میں ہو گی، عوام سارا مینڈیٹ عدالت کے ذریعے واپس لیں گے، اگر عوام کے ووٹ کی حفاظت نہیں کرسکے تو پورے سسٹم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دینا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو سمجھ آ گئی ہے کہ کیسے دھاندلی ہوئی، تمام 45 فارم منظر عام پر آ چکے ہیں ان کے مطابق نتائج جاری کرنا ہو گا، یہ ووٹ عوام کا ہے، جن لوگوں نے اس کی حفاظت کرنا تھی انہوں نے نہیں کی۔