یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا 11واں کانووکیشن، گورنر کی شرکت، اسنادتقسیم
لاہور (لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لا ہور کے گیارہویں کانووکیشن کی پروقار تقریب گزشتہ روز جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ لاہور میں ہوئی، جس کی صدارت چانسلر،گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کی۔ کانووکیشن میں مجموعی طور پر 9739 طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں، جن میں 20 پی ایچ ڈی، 911 ایم ایس/ایم فل اور 8808 گریجوایٹس شامل تھے۔ علاوہ ازیں 82 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ڈاکٹر فیض الحسن، سینڈیکیٹ، سلیکشن بورڈ، اکیڈمک کونسل ارکان، وائس چانسلر بابا گورونانک یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈاکٹر نسیم احمد، کنٹرولر امتحانات محمد اشرف، جامعہ کے ڈائریکٹر/پرنسپلز سمیت دیگر تعلیمی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ جامعہ کے گیارہویں کانووکیشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس بار تقریب کی تمام کارروائی قومی زبان اردو میں کی گئی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے سپورٹس ایرینا اور سوئمنگ پول کا بھی افتتاح کیا۔