نئی حکومت نے عوام پر پہلا بجلی بم گرا دیا ہے: انجینئر حارث ڈار
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری انجینئر حارث ڈار نے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت نے عوام پر پہلا بجلی بم گرا دیا ہے۔ عوام نے جن کو سابقہ الیکشن میں مسترد کر دیا تھا وہی اشرافیہ دوبارہ ملک و قوم پر مسلط ہوگیا ہے۔ نئی حکومت نے عوام کو ریلیف پیکج دینے کی بجائے مہنگائی پیکج دیا ہے۔ اگر فی الفور بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو لاہور میں احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہونگے۔ جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ لاہور انجینئر حارث کا مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے اور حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخ بڑھنے سے صنعتی شعبے کو شدید جھٹکا لگا ہے۔ صنعت دشمن اقدامات سے گریز نہ کیا گیا تو صنعتی شعبہ مکمل طور پر تباہ ہو جائے گا۔ ملک میں رہنے والا غریب اپنے بچوں کا پیٹ پالے یا حکومت کی جانب سے لگائے گئے ٹیکس ادا کرے۔ بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کو جیتے جی مار دیا ہے۔