مریم نواز نے پنجاب کی صفائی، بنیادی، دیہی ہیلتھ مراکز کی بحالی کا حکم دیدیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب نے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پراجیکٹ کے تحت صوبے کی صفائی، بنیادی اور دیہی صحت مراکز کی بحالی کا حکم دیا ہے اور مفت ادویات کا پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت ’’ستھرا پنجاب‘‘ پراجیکٹ پر پیشرفت کیلئے اجلاس ہوا۔ مریم نواز شریف نے ایک ماہ کے اندر پورے پنجاب میں کوڑا کرکٹ کی صفائی کا ٹاسک دے دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت ہے۔ انہوں نے کہا دیکھوں گی کہاں عمل ہوا، کہاں عمل نہیں ہوا۔ ٹوٹی گلیوں، گلی محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹروں سے عوام کو نجات ملنی چاہئے۔ وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں میڈیسن کی ہوم ڈیلیوری یکم مئی سے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ لیب کا معیار بہتر بنانے کا حکم دیا اور پلان بھی طلب کر لیا۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں کے لئے سنٹرل پتھالوجی لیب بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے 3 اضلاع میں میڈیکل سٹی بنانے کے لئے سفارشات اور تجاویز طلب کر لیں۔ پنجاب بھر میں خالی، متروک اور بند پڑے ہسپتالوں کی عمارتوں کی فہرست بھی طلب کر لی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے، میڈیسن دینے کا عہد پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائین کرکے جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اچانک میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک پہنچ گئیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے میوہسپتال ایمرجنسی میں 50وہیل چیئر اور سٹریچر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ ایک بزرگ شبیر شاکر کی توجہ دلانے پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایمرجنسی میں نماز کے لئے جگہ مخصوص کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے مریضوں کی طرف سے کمی کی شکایت پر چیسٹ ٹیوب فوری طور پر مہیا کرنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے لوگوں کو روکنے پر سکیورٹی پر اظہار برہمی کیا۔ آئی سی یو کے مریضوں کی عیادت کی۔ مریضوں اور لواحقین نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ 9سالہ روحان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بہادر بچے ہیں، جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خان پور کے قریب اور میاں چنوں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مغلپورہ تھانہ میں 12 سالہ بچے پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیا، سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے لندن یونیورسٹی کی پروائس چانسلر پروفیسر میری سٹیسنی نے ملاقات کی۔ پنجاب کے طلبہ کیلئے سکالرشپ کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر میری سٹیسنی نے پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے شیخوپور میں شہید کانسٹیبل بلال کو خراج عقیدت، اہلخانہ سے اظہار تعزیت، ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ایچ اے کو مسیحی برداری کے تہوار ایسٹر کی تیاری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے حوالے سے مسیحی برداری کے علاقوں کو سجایا جائے۔ ایسٹر کی تیاری میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، مسیحی برداری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں فلاور فیسٹیول کی ہدایت بھی کی۔ لاہور میں رمضان فیسٹیول منعقدکرنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔