قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہونگے: جے یو آئی، حکومتی اتحادی رہنما فضل الرحمن کے گھر پہنچ گئے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) جے یو آئی (ف) آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرے گی۔ جے یو آئی (ف) کی کور کمیٹی کا اجلاس فضل الرحمن کی زیر صدارت ہوا۔ کور کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے یو آئی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرے گی۔ علاوہ ازیں اتحادی جماعتوں کے رہنما فضل الرحمن کے گھر پہنچ گئے۔ صادق سنجرانی، رانا تنویر، خالد مگسی، ایاز صادق، سعد رفیق، احسن اقبال، عبدالعلیم خان، یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، نوید قمر، چودھری سالک فضل الرحمن کے گھر پہنچے۔ اتحادی جماعتوں کے قائدین کا جے یو آئی کی کور کمیٹی سے مشاورتی اجلاس ہوا۔ جے یو آئی کمیٹی میں فضل الرحمن، عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمن، نور عالم خان اور دیگر شامل تھے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنوں کی جمہوریت کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے مثبت کردار ادا کیا۔ جے یو آئی کے قائدین اور کارکن اب بھی جمہوریت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اتحادیوں نے فضل الرحمن سے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور صدارتی انتخاب کیلئے تعاون کی درخواست کی۔