مسلم لیگ ن نے انتقامی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا : سیف الملوک کھوکھر
لاہور( نیوز رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامرخان، صبغت اللہ سلطان ،نگہت شیخ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے انتقامی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے جس کا تازی ترین ثبوت کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز خود چل کر اپوزیشن بنچز پر گئیں اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کو ملیں۔ پی ٹی آئی نے اب تک ملک میں شر پھیلایا ہے ، دھرنے دئیے اور ملک کو انتشار کی طرف لیکر گئی۔ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تحریک انتشار ہے اور انتشار ہی کا منشور ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ا للہ کے فضل سے اپنی محنت ، کارکردگی اور عوامی خدمت کے ذریعے سے مسلم لیگ ن ایک بار پھر پنجاب اور پاکستان کی مقبول ترین جماعت بنے گی، جس جماعت نے عوام کا درد سمجھا عوام نے اس کو ووٹ دیا۔ عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ عوام نے پاکستان کی خاطر ووٹ ڈالا۔مسلم لیگ ن نے ہر مشکل دور میں جب بھی گورنمنٹ ملی ملک کو مشکل وقت سے نکالا۔ مریم نواز پنجاب اور شہباز شریف وفاق میں نواز شریف کی قیادتِ میں ملک کیلئے بہترین کام کریں گے۔