• news

وزیراعلیٰ مریم نواز کا میرٹ کی بالادستی کا عزم


 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی۔ کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی۔ مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں افسروں سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہیے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی اور پولیو سے بچاو¿ پر توجہ دی جائے اور صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا۔ عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کے لیے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں۔ کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔ حلف برداری کے بعد سیدھی آفس گئی اور کام شروع کردیا۔ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے۔ ادارہ جاتی تنظیمی اصلاحات کرنا ہوگی، جڑ تک پہنچ کر مسائل ختم کریں گے۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نہ صرف اپنی ترجیحات کا تعین کرلیا ہے بلکہ اس سلسلے میں کام آغاز بھی کردیا ہے۔ اچھی بات یہ بھی ہے کہ ان کی ترجیحات میں عوامی مسائل شامل ہیں۔ اب اگر وہ واقعی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے خود بھی کوشش کریں اور بیوروکریسی کو بھی اس کام پر لگائیں تو اس سے ایک طرف ان کے بارے میں مثبت امیج بنے گا اور دوسری جانب جمہوری اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ اس وقت عوام جن مسائل کا شکار ہیں انھیں سامنے رکھ کر بات کی جائے تو وہ جمہوری اداروں اور سیاستدانوں سے سخت مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ مریم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ عوام کی اس مایوسی کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن