عوامی مینڈیٹ کی آخری ہائی جیکنگ، قوم اب حساب چاہتی ہے: سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جعلی حکومت سے مسائل کم نہیں ہوں گے۔ مہنگائی، بے روزگاری بڑھے گی۔ متنازع اور دھاندلی زدہ الیکشن سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگیا، عوام کا حق دھڑلے سے چرایا گیا۔ الیکشن میں نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ عوامی مینڈیٹ کی آخری ہائی جیکنگ ہے۔ قوم اب حساب کتاب چاہتی ہے۔ حکمران پارٹیوں کے سر سے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ اٹھ جائے تو یہ ایک لمحے کے لیے بھی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ مایوسی کی کوئی وجہ نہیں، حق اور سچ کی فتح ہوگی۔ سول سپرمیسی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔ ہمارے کارکنان نے بھرپور محنت کی، عوام کو اپنا پیغام پہنچایا، لیکن پہلے فیصلے اور بعد میں الیکشن ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک کے حکمران عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفادار ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت نے الیکشن کے آزادانہ آڈٹ کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کے مطالبات دہرائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کے تقدس کی بحالی کے بغیر ملک میں معیشت اور امن کی بحالی ممکن نہیں۔ 8فروری کو رات کی تاریکی میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ قوم نے جن کرپٹ خاندانوں سے نجات کے لیے ووٹ دیے، انہیں ہی دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے۔ ادارے حلف کی پاسداری اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو گئے۔